کوزی کوڈ،6 / مارچ (ایس او نیوز) ڈسٹرکٹ کرائم برانچ کے سینئر اسسٹنٹ کمشنر آف پولیس پی وی سریش کی قیادت میں ایک 8 رکنی ٹیم نے کوزی کوڈ میں ایشیا نیٹ نیوز چینل کے دفتر پر چھاپہ مار کر تلاشی لی جس کے بارے میں بتایا گیا ہے کہ یہ کارروائی مذکورہ چینل پر ایک نقلی انٹرویو نشر کرنے کے تعلق سے درج شکایت پر کی گئی ہے۔
معلوم ہوا ہے کہ ایشیا نیٹ چینل نے شمالی کیرالہ کی ایک لڑکی کا انٹرویو اس دعویٰ کے ساتھ شائع کیا تھا کہ وہ منشیات اور جنسی حملے کا شکار ہوئی ہے ۔ اس نشریہ کو 'جعلی خبر' بتاتے ہوئے ویلائل پولیس اسٹیشن میں پوکسو اور آئی پی سی کی مختلف دفعات کے تحت چینل کے خلاف کیس درج کیا گیا ہے ۔ اس کیس میں چینل کے ایکزیکٹیو ایڈیٹر سندھو سوریہ کمار، ریذیڈنٹ ایڈیٹر شاہجہاں اور رپورٹر نوفل بن یوسف کو جعلی دستاویزات بنانے اور مجرمانہ سازش رچنے کا ملزم بنایا گیا ہے ۔ پولیس کے چھاپے اور کئی گھنٹوں تک چلی تلاشی کے دوران چینل کی نشریاتی سرگرمیوں خلل واقع ہوا۔
پولیس کی اس کارروائی پر رد عمل ظاہر کرتے ہوئے حزب اختلاف کے لیڈر وی ڈی ستیسن نے کہا کہ ایشیا نیٹ نیوز پر اس طرح کی چھاپہ ماری سے پتہ چلتا ہے کہ حکومت کس قسم کے عدم برداشت کا مظاہرہ کر رہی ہے ۔ دوسری طرف پریس کلب آف انڈیا، ویمنس پریس کارپس، دہلی یونین آف ورکنگ جرنلسٹس اور کیرالہ یونین آف ورکنگ جرنلسٹس نے اپنے مشترکہ اعلامیہ میں اس چھاپہ ماری کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ یہ ایک "غیر قانونی" اقدام ہے اور اسے "پریس کی آزادی پر حملہ" تصور کرنا چاہیے۔